ممبئی: بھارتی اداکارہ انوشکا شرما کی جانب سے شوہر اور معروف کرکٹر ویرات کوہلی کے لیے چھولے بھٹورے منگوانے کے ایک آرڈر نے ممبئی کے ایک چھوٹے سے ریسٹورنٹ کی قسمت بدل دی۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق ’دہلی سے‘ نامی ریسٹورنٹ 2022 میں تقریباً 18 لاکھ بھارتی روپے کے قرض میں ڈوبا ہوا تھا اور مالکان کاروبار بند کرنے کی تیاری کر رہے تھے۔


اسی دوران کامیڈین ابھیشیک اپمنیو نے ریسٹورنٹ کے چھولے بھٹورے کی انسٹاگرام پر تعریف کی۔ ان کی پوسٹ کے بعد انوشکا شرما نے بھی ریسٹورنٹ سے اپنے شوہر ویرات کوہلی کے لیے کھانا منگوایا اور سوشل میڈیا پر اس کی تعریف کردی۔


ریسٹورنٹ کے مالکان کے مطابق انوشکا شرما کی جانب سے تعریف کیے جانے کے بعد ریسٹورنٹ کی مقبولیت میں اچانک اضافہ ہوا اور گاہکوں کی بڑی تعداد وہاں پہنچنے لگی۔


مالکان کا دعویٰ ہے کہ انوشکا کی سوشل میڈیا پوسٹ کے بعد کاروبار نے تیزی سے ترقی کی اور اب ’دہلی سے‘ کی چار برانچز قائم ہوچکی ہیں۔


ریسٹورنٹ انتظامیہ کے مطابق اس وقت روزانہ تقریباً 3 ہزار پلیٹس فروخت ہوتی ہیں جبکہ ماہانہ فروخت 2 کروڑ بھارتی روپے تک پہنچ چکی ہے۔


یوں ایک مشہور اداکارہ کا محض ایک فوڈ آرڈر اور سوشل میڈیا پر کیا گیا ذکر ایک ایسے کاروبار کے لیے اہم موڑ ثابت ہوا جو کچھ عرصہ قبل بھاری قرض کے باعث بند ہونے کے قریب تھا۔