اولپنڈی: کلرسیداں میں مدرسے کے 11 سالہ طالب علم کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنانے کے نتیجے میں ہلاکت کے مقدمے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پولیس نے کیس کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم مقتول بچے کے مدرسے میں استاد تھا۔ واقعے کے بعد ملزم اسپتال سے بچے کی میت کے ہمراہ اپنے آبائی گاؤں گیا، جہاں سے وہ فرار ہوگیا تھا۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی تھیں اور مرکزی ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک سونپا تھا۔ پولیس ٹیموں نے مسلسل کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق مقدمے میں اس سے قبل بھی دو افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ تمام ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔
ایس پی صدر انعم شیر کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تفتیش میرٹ پر کی جائے گی اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ان کے مطابق بچوں پر تشدد کسی صورت قابل قبول نہیں، واقعے میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔