لاہور: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے صوبے میں مون سون بارشوں کے نئے اسپیل کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے شہری اور ضلعی انتظامیہ کو احتیاطی اقدامات کی ہدایت کردی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں 5 ستمبر تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض اضلاع میں موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
محکمہ کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال اور گجرات سمیت متعدد علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
لاہور، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور نورپور تھل میں بھی تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال اور پاکپتن کے مختلف علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کے ممکنہ خطرے سے خبردار کیا ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو صورتحال پر کڑی نظر رکھنے اور متعلقہ اداروں کو متحرک رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بڑے شہروں میں نکاسی آب کے انتظامات پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ بارش کے دوران شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق برساتی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے، جس کے پیش نظر محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت متعلقہ محکموں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کچے یا بوسیدہ مکانات میں رہائش اختیار نہ کریں۔ آندھی، طوفان اور آسمانی بجلی کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہنے کی تاکید بھی کی گئی ہے۔
والدین سے کہا گیا ہے کہ وہ بچوں کو نشیبی علاقوں میں کھڑے پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب جانے سے روکیں۔ شہریوں کو بجلی کی گرج چمک اور طوفانی موسم کے دوران کھلے مقامات پر جانے سے بھی اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پنجاب میں مون سون بارشوں کا نیا الرٹ ، اربن فلڈنگ کا خدشہ
Lahore 23°C
Karachi 29°C