اسلام آباد میں پاسپورٹ رولز کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، محکمہ پاسپورٹ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، حکومت انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے سفری دستاویزات اور ضروری کاغذات کی بروقت تصدیق یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضروری دستاویزات کی تصدیق کے لیے ایک مربوط نظام وضع کیا جائے۔
وفاقی وزیر قانون نے ریکارڈ کی تصدیق کے عمل کو تیز رفتار اور آسان بنانے پر زور دیتے ہوئے واضح ٹائم لائن مقرر کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اعظم نذیر تارڑ نے وزارت داخلہ کی سطح پر الیکٹرانک طریقہ کار وضع کرنے اور ضروری کارروائی کو زیادہ سے زیادہ الیکٹرانک طریقے سے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں دستاویزات اور ریکارڈ کی تصدیق کے لیے ون ونڈو پورٹل متعارف کرانے کی تجویز بھی زیرِ غور آئی۔
وفاقی وزیر قانون نے قواعد و ضوابط میں بہتری کے لیے مزید تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو آئندہ اجلاس میں واضح لائحہ عمل پیش کرنے کا بھی حکم دیا۔
Lahore 23°C
Karachi 29°C