وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام پر بڑھنے والے مالی دباؤ کو کم کرنے کے لیے خصوصی ریلیف اسکیم کا اعلان کردیا۔
حکومت کے اعلان کے مطابق موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگچی رکشہ استعمال کرنے والوں کو ماہانہ 20 لیٹر پٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
اسی طرح 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کے لیے ماہانہ 30 لیٹر پٹرول پر فی لیٹر 100 روپے رعایت مقرر کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اسلام آباد میں اس اسکیم کا اطلاق آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہوگا، جبکہ ملک کے دیگر حصوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے ریلیف کا آغاز کیا جائے گا۔
وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل آج سے شروع کردیا گیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے عام شہریوں کو ممکنہ حد تک تحفظ فراہم کرنا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مشکل وقت میں حکومت عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔