پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے ملک بھر میں مال بردار ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے ایندھن کی قیمتوں میں بار بار تبدیلی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلسل اضافے سے ٹرانسپورٹرز کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے اثرات پورے ٹرانسپورٹ شعبے پر پڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں بار بار اور غیر یقینی تبدیلی ٹرانسپورٹرز کے لیے مشکلات پیدا کر رہی ہے، اس لیے اس صورتحال کو مزید نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
ملک شہزاد اعوان کے مطابق حکومت کی درخواست پر ملک گیر ہڑتال کا فیصلہ 40 روز کے لیے مؤخر کیا گیا تھا۔ حکومت کو دیا گیا یہ وقت آئندہ ہفتے مکمل ہونے جا رہا ہے، جس کے بعد ٹرانسپورٹ اتحاد آئندہ کے لائحہ عمل پر فیصلہ کرے گا۔
اتحاد کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے کیے گئے وعدوں اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد آئندہ کے اقدامات کا اعلان کیا جائے گا۔