پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے پارٹی کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ہونے والی سرگرمیوں سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پارٹی کا کوئی کنٹرول نہیں اور نہ ہی ان سے رابطہ ہے۔

صحافی نے سلمان اکرم راجہ سے سوال کیا کہ جس جج کے پاس پی ٹی آئی سے متعلق کیس زیرِ سماعت ہے، پی ٹی آئی کا آفیشل اکاؤنٹ اسی جج کے خلاف مہم چلا رہا ہے، تو ایسا کیسے ہو سکتا ہے؟

صحافی کے سوال پر سلمان اکرم راجہ نے جواب دیا کہ ان کا پی ٹی آئی سوشل میڈیا سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی ان کا اس پر کوئی کنٹرول ہے۔ ان کے مطابق، ممکن ہے سوشل میڈیا اکاؤنٹس چلانے والے افراد ملک سے باہر ہوں، جبکہ ان کا ان افراد سے رابطہ بھی نہیں ہے۔

سلمان اکرم راجہ کے اس جواب میں پی ٹی آئی کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی سرگرمیوں اور پارٹی قیادت کے درمیان تعلق کے حوالے سے سوالات سامنے آئے ہیں۔